اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سابق وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان،سینیٹر پلوشہ خان،سینیٹر وقارمہدی اور سینیٹر مسرور احسن نے پی پی پی سینٹرل سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کسی ایک پارٹی کی جاگیر نہیں، پیپلزپارٹی سے مخالفت اس بات پر ہے کہ شہباز شریف کو کیوں منتخب کیا، ن لیگ اپنے گھر کی لڑائی کا الزام پی پی پی پر نہ ڈالے۔ ہم انکے گھر کی لڑائی میں آنا نہیں چاہتے۔ سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ ملک سیلاب اور قدرتی آفات کا شکار ہے۔ ہم پنجاب حکومت کی صوبائیت سے متعلق بیانات کا جواب میڈیا کے ذریعے دے رہے ہیں۔پی پی پی وفاق کی علامت ہے اور صوبوں میں مینڈیٹ ہے۔ پنجاب کسی ایک پارٹی کی جاگیر نہیں ، پیپلزپارٹی سے مخالفت اس بات پر ہے کہ شہبازشریف کو کیوں منتخب کیا۔صدر آصف علی زرداری 2014 میں ن لیگ کے مشکل وقت پر جاتی عمرہ گئے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری پر تنقید کر رہے ہیں اور ن لیگ اپنے گھر کی لڑائی کا الزام پی پی پی پر نہ ڈالے۔ ہم انکے گھر کی لڑائی میں آنا نہیں چاہتے ہیں۔ پنجاب حکومت کو شہباز شریف اپنی کرسی پر بیٹھے اچھے نہیں لگتے۔