کوئٹہ(خ ن)محکمہ سیاحت و ثقافت، حکومتِ بلوچستان کی جانب سے پہلی مرتبہ اسلام آباد میں ’’بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول‘‘ کا انعقاد 10 سے 12 اکتوبر تک کیا جا رہا ہے۔ اس تین روزہ فیسٹیول کا مقصد بلوچستان کے اصل، مثبت اور حسین چہرے کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ڈائریکٹر ثقافت بلوچستان، ڈاکٹر داؤد خان ترین کے مطابق، اس فیسٹیول میں صوبے کی ثقافت، روایات، موسیقی، فوک ڈانس، دستکاریوں اور روایتی پکوانوں کی دلکش جھلک پیش کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان، میر سرفراز بگٹی فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی، سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت سہیل الرحمن بلوچ، سیاسی و سماجی رہنما، طلبہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات تقریب میں شرکت کریں گی۔پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت، نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق محکمہ سیاحت و ثقافت صوبے کا روشن اور پرامن پہلو دنیا کے سامنے لانے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ فیسٹیول نہ صرف بلوچستان کے عوام کے لیے باعثِ فخر موقع ہے بلکہ صوبے کے ہنرمندوں، فنکاروں اور ثقافتی کارکنوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا شاندار پلیٹ فارم بھی ثابت ہوگا۔