کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کامطالبہ کیاہے بی یوجے کے صدر خلیل احمد اور جنرل سیکرٹری عبد الغنی کاکڑ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ طفیل رند باہمت صحافی تھے جنہیں پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ واقعہ محض ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے اور ملک میں صحافیوں کی جانوں کو درپیش سنگین خطرات کی نشاندہی کرتا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں آزادی اظہار رائے کو دبانے کی کوششیں تیز ہوچکی ہیں انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ طفیل رند کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے دریں اثنا بلوچستان یونین آف جرنلسٹس ایک بیان میں گوادر میں نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر امان اللہ بلوچ پرتشدد کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صحافی امان اللہ بلوچ کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب وہ عوامی احتجاج کی کوریج کے بعد جی ڈی اے کا مؤقف لینے کی کوشش کررہے تھے مبینہ حملے میں ملوث سرکاری اہلکار نے امان اللہ بلوچ کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے ساتھ ساتھ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امان اللہ بلوچ پر حملے میں ملوث سرکاری اہلکار کے خلاف ضابطے کی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔