ملتان(سٹاف رپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ دھان کے کاشتکار زرعی زہروں کا محفوظ استعمال یقینی بنائیں۔ نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کے تدارک کے لیے صرف سفارش کردہ اور محفوظ زہریں ہی استعمال کی جائیں جبکہ ممنوعہ زہریں ہرگز استعمال نہ کریں۔ زہروں کے استعمال اور فصل کی برداشت کے درمیان وقفہ (Pre-Interval Harvest)لازمی مدنظر رکھا جائے تاکہ جنس میں زرعی زہروں کی باقیات (MRL) قابلِ قبول حد میں رہیں۔ زیادہ موزوں طور پربہتر نتائج کے لیے حیاتیاتی بنیاد پر تیار کردہ زہریں استعمال کرنا زیادہ مؤثر اور محفوظ ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ دھان کی فصل کی برداشت اس وقت کریں جب بالائی دانے مکمل طور پر پک چکے ہوں اور نچلے دو تا تین دانے بھر چکے ہوں مگر ہلکے سبز ہوں۔ اس مرحلے پر دانوں میں نمی کا تناسب 20 تا 22 فیصد ہونا چاہیے۔ برداشت کے لیے ترجیحاً رائس ہارویسٹر(کیوٹا ٹائپ)مشین استعمال کریں، تاہم اگر دستیاب نہ ہو تو کمبائن ہارویسٹر میں مناسب ایڈجسٹمنٹ کر کے استعمال کریں تاکہ دانے ٹوٹنے سے بچ سکیں اور پیداوار و معیار متاثر نہ ہو۔ کٹائی کا عمل شبنم ختم ہونے کے بعد شروع کریں۔