ملتان( سٹاف رپورٹر ) سرچ آپریشن کے نام پر پو لیس نے اندھا دھند کاروائیاں شروع کردیں ،بغیر وارنٹ کے گھروں میں گھسنا معمول بنالیا، گزشتہ روز بھی قادرپورراں میں پو لیس کی بھاری نفری سلیم ریاض کے گھر گھس گئی جہاں خواتین کو بے پردہ کیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، یہ الزامات قادرپوراں کے رہائشی قتل کے دومقدمات کے مدعی سلیم ریاض نے گزشتہ روز جنگ دفتر میں آکر ظلم کی داستان بیان کرتے ہوئے لگائے ،قادرپورراں کے رہائشی سلیم ریاض نے بتایا کہ قادرپوراں میں ملزمان مانی اور زمان جن کو سیاسی شخصیات کی اشیر آباد حاصل ہے پہلے اس کے ماموں اور پھر بھانجے کو قتل کیا جبکہ دیگر عزیزوں کو فائرنگ کرکے زخمی کیا جس کے مقدمات تھانہ قادرپوراں میں درج ہیں ، ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور ہی مقتولین کے اہل خانہ کو انصاف ملا،سلیم ریاض الزام عائد کیا کہ لیڈی پولیس افسر کی قیادت میں چالیس سے پچاس پولیس اہلکار رات کے اندھیرے میں اس کے گھر گھسے اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیاگیا، خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جن کا مقصد صرف ملزمان کے خلاف کاروائی نہ کرنے کا عندیہ دینا تھا ۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی اہلکار گھر میں داخل نہیں ہوا نہ ہی خواتین کی بے حرمتی کی گئی روٹین کا سرچ آپریشن تھا۔