کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) اولمپکس کونسل آف ایشیا کی تنبیہ نے پاکستان اولمپکس اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام کو مشکل میں ڈال دیا، اولمپکس کونسل آف ایشیا نے بحرین میں اس ماہ ہونے والے ایشین یوتھ گیمز میں شریک تمام ملکوں کو کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تعداد میں کمی کرنے پر سزا اور جرمانے کی وارننگ دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اولمپک کونسل آف ایشیاء نے کھلاڑیوں کے دستے کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام شریک ممالک کی اولمپک کمیٹی کی جانب سے جن کھلاڑیوں اور آفیشلزکے نام دئیے گئے ہیں وہ ان کی شرکت کو یقینی بنانے کی پابند ہیں، جن کی ایکری ڈیشن ہوچکی ہے، میزبان ملک نے رہائش سمیت تمام انتظامات تصدیق شدہ کھلاڑیوں و آفیشلز کے حساب سے کئے ہیں،اگر کسی ملک کے کھلاڑی کم آئیں تو اسے قوانین کے تحت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا، اور اس ملک پر جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے، واضح رہے کہ پاکستانی دستے کے حوالے سے بھی پی او اے اور پی ایس بی کے درمیان تنازع جاری ہے۔