• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ایک اور مشکل آزمائش، جنوبی افریقا کے خلاف پہلا میچ آج سے شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کی دو سالہ نئی سائیکل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ایک اور مشکل آزمائش کا سامنا ہے۔دفاعی چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ اتوار سے قذافی اسٹیڈیم کی اسپنرز کے لئے سازگار پچ پر ہورہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آف اسپنر ساجد خان نے میڈیکل ٹیسٹ پاس کر لیا، بائیں ہاتھ کے اسپنر آصف آفریدی ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے،توقع ہے کہ پاکستان میچ میں سات بیٹرز دو فاسٹ بولروں اور دواسپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔تیسرے اسپنر کی حیثیت سے سلمان علی آغا کی خدمات بھی حاصل ہوں گی ۔دنیا کے صف اول کے بیٹسمین بابر اعظم کے لئے سیریز اہمیت کی حامل ہوگی۔ان کی فارم کافی عرصے سے اچھی نہیں ہے۔ اسپنر ساجد خان کے ساتھ تجربے کار اسپنر نعمان علی ہوں گے۔39سال کے نعمان علی نے 19 ٹیسٹ میں 24.75کی اوسط سے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں، فاسٹ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔31ٹیسٹ میں 116وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر کے نئی گیند پارٹنر حسن علی ہوں گے، 24 ٹیسٹ میں 80 وکٹیں لینے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر حسن علی نے اپنا آخری ٹیسٹ جنوری 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلا تھا، پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کا آغاز جنوبی افریقاکے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کررہی ہے جو اسوقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بھی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کررہے ہیں جبکہ ٹیمبا باووما کے ان فٹ ہونے کے سبب مہمان ٹیم کی قیادت ایڈین مارکرم کررہے ہیں۔پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم کی یہ خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ وہ چیمپئن شپ جیتے اسوقت ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم چیمپئن شپ کا آغاز اچھے طریقے سے کریں ۔ چیمپئن شپ میں کھیلتے ہوئے آپ کی صلاحیتوں کا امتحان ہوتا ہے اور یہ ہمارے لیے خود کو پرکھنےاور آزمانے کا اچھا موقع فراہم کررہی ہے۔جنوبی افریقا کے کپتان ایڈین مارکرم نے کہا کہ انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز پاکستان کے ساتھ کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔ یہ ایک نیا آغاز ہے اور تمام کھلاڑی صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے لیے ُپرجوش ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا کے رنجن مدوگالے آئی سی سی میچ ریفری ہونگے جبکہ پہلے ٹیسٹ میں آن فیلڈ امپائر آسٹریلیا کے راڈنی ٹکر اور نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر براؤن ہونگے۔ بنگلہ دیش کےسیکت شرف الدولہ تھرڈ امپائر اور پاکستان کے فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔دونوں ٹیسٹ میں جنرل ۔فرسٹ کلاس ۔پریمیئم اور وی آئی پی کے انکلوژرز میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔پاکستان اور جنوبی افریقاکے درمیان30 ٹیسٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے6 اور جنوبی افریقا نے17 جیتے ہیں 7 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق،امام الحق،شان مسعود(کپتان)بابر اعظم،سعود شکیل ،محمد رضوان( وکٹ کیپر)سلمان علی آغا،شاہین شاہ آفریدی ،حسن علی،نعمان علی اور ساجد خان شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید