کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہےکہ وفاق کی جانب سے سندھ کے لئے منصوبے رکھے جاتے ہیں مگر فنڈز نہیں دئیے جاتے۔ صوبے کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جس کے لئے ہم بلاول بھٹو کی ویژن اور وزیر اعلی سندھ کی ہدایت کے مطابق بلا کسی تفریق ہر جماعت بشمول جماعت اسلامی ،پی ٹی آئی، ایم کیو ایم سمیت تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں سے ہرممکن تعاون کے لئے تیار ہیں بشرطیکہ سب کا مقصد شہر کی ترقی، بہتری اور عوام کو ریلیف دینے کا ہو۔ پیپلز پارٹی کا منشور سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔انہوں نے وزیر محنت سعید غنی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں مرکز کھیل و ثقافت ۔کریم آباد انڈر پاس کے دورے اور ڈسٹرکٹ اسٹیٹ میں امیر خسرو روڈ اور اس سے متصل سڑکوں کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر افتتاحی تقاریب کے موقع پر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور ملکی خزانے کو 60 فیصد سے 70 فیصد تک دیتا ہے مگر اس کے نتیجے میں اس کو ملتا کیا ہے وفاقی بجٹ میں سندھ کا حصہ دیکھ لیں کیا ایک بی آر ٹی کافی ہے۔