• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان کا عمل علاقائی امن کیلئے براہ راست خطرہ ہے، محسن نقوی

اسلام آباد( نیو زرپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان کا عمل بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی اور علاقائی امن کیلئے براہ راست خطرہ ہے، افغانی فورسز کی جانب سے حالیہ کشیدگی پاکستان کےازلی دشمن کے اثر و رسوخ کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے،جو خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔یہاں جاری بیان میں وزیر داخلہ نے افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل سے کام لیا ہے لیکن وہ اپنی خودمختاری اور اپنے شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگا، پاکستان کی بہادر فورسز نے اپنے فوری اور مؤثر ردعمل سے ثابت کیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کو کبھی برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس اور کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کیلئے تیار ہیں، افغانستان کو مناسب اور متناسب جواب دیا جا رہا ہے،کسی بھی دشمنانہ اقدام کا مقابلہ طاقت اور عزم سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان جو آگ اور خون کا کھیل کھیل رہا ہے، اسکے گہرے تعلقات ہمارے ان دشمنوں سے ہیں جو ہمیشہ پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔خارجی جارحیت کے مقابلے میں قومی یکجہتی کی تصدیق کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے قوم کو اپنے محافظوں کے پیچھے ’’فولادی دیوار‘‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو واضح اور سخت جواب ملے گا، جیسا کہ بھارت کو اس وقت ملا جب اس نے پاکستان کے صبر کا امتحان لیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی ملک پاکستان کی طرف برے ارادوں سے نہ دیکھے۔
اہم خبریں سے مزید