پشاور (نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپوں کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان اور افغان دشمنوں کی سازش قرار دیتے طالبان حکومت پر زور دیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونا بدقسمتی ہے اور پاکستان کی فوج کی کاروائی بھی افسوس ناک ہے کیونکہ پاکستان اور افغانستان کی فوج و قوت بھارت اور اسرائیل کے خلاف کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کیلئے استعمال ہونی چاہئے تھی۔ وہ پشاور کے رنگ روڈ کبوتر چوک میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ مارچ کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ غزہ مارچ سے جماعت اسلامی کے پاکستان کے نائب امیر مولاناڈاکٹر عطاء الرحمن، صوبائی امیر عبدالواسع،جنرل سیکرٹری صابرحسین اعوان،نائب امیر مولانا ڈاکٹرمحمد اسماعیل،میاں صہیب الدین کاکا خیل،ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈوکیٹ،سہیل بابرراہی،ڈاکٹر سلمان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر ہماری آزادی اور خود مختاری کی بات ہے تو پوری قوم ایک ہے اور متحد ہو کر لڑنا چاہتی ہے اس لیے افغانستان کی حکومت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔