ٹوکیو(عرفان صدیقی) پاکستان نے جاپان کے صنعتی شہر اوساکا میں جاری ایکسپو 2025ء میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کر لئے، جن میں بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن (BIE) کا برانز ایوارڈ اور عالمی ادارے ایگزیبیٹر آن لائن کا ایڈیٹرز چوائس ایوارڈ شامل ہیں۔ یہ ایوارڈز پاکستان پویلین کو تخلیقی ڈیزائن، ثقافتی نمائندگی اور جدید پیشکش پر دیئے گئے۔پاکستان پویلین کے لئے صرف 53 مربع میٹر جگہ مختص تھی مگر اس مختصر رقبے میں پاکستان نے ایسا شاہکار تخلیق کیا جسے اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ پویلین کے ڈیزائن اور آرٹ کی تھیم “Universe in a Grain of Salt” (ایک ذرۂ نمک میں پوری کائنات) نے عالمی سطح پر گہرا اثر چھوڑا۔