کراچی (نیوز ڈیسک) یو اے ای نے قومی انتخابات کیلئے دنیا کی پہلی AI پالیسی متعارف کرا دی۔ ہر امیدوار کو اپنی انتخابی مہم میں استعمال ہونے والے AI ٹولز کا اندراج اور انکشاف کرنا ہو گا۔ وزیر مملکت عمر سلطان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت قانون سازی اور جمہوری عمل میں شفافیت لانے کا ذریعہ بنے گا۔ ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات نے قومی انتخابات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے لیے دنیا کی پہلی جامع پالیسی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ہر امیدوار کو اپنی انتخابی مہم میں استعمال ہونے والے AI ٹولز کا اندراج اور انکشاف کرنا ہوگا۔ وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت عمر سلطان العلماء نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد شفافیت، دیانت داری اور جمہوری عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی جدید ٹیکنالوجی کو منظم انداز میں اپنانے کا حصہ ہے تاکہ اختراع کے ساتھ اخلاقی اقدار بھی قائم رہیں۔ اس منصوبے میں قانون سازی، میڈیا، مالیاتی شعبے اور نجی اداروں میں AI کے استعمال کے لیے واضح اصول متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ حکومت نے قانون سازی کے عمل میں بھی مصنوعی ذہانت کے استعمال کا نظام متعارف کرایا ہے تاکہ فیصلے زیادہ سائنسی اور معلوماتی بنیادوں پر لیے جا سکیں۔ UAE اس اقدام کے ذریعے دنیا میں ذمہ دارانہ ٹیکنالوجی گورننس کا نیا معیار قائم کر رہا ہے۔