• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیموں کے استعمال سے جسم پر کیا حیرت انگیز اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں لیموں کا استعمال تقریباً ہر گھر میں عام ہے، مگر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ دراصل ایک پھل ہے اور اس میں موجود غذائی اجزاء انسانی صحت پر نہایت مثبت اثرات ڈالتے ہیں۔

ترش لیموں میں وٹامن سی، فائبر اور دیگر قدرتی نباتاتی مرکبات کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، جو مجموعی صحت کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتے ہیں، یہ اجزاء نہ صرف زخموں کو جلد بھرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ دل کی صحت کو بھی بہتر بناتے ہیں، ذیل میں لیموں کے چند نمایاں فوائد درج ہیں۔

دل کی صحت کے لیے بہترین

لیموں وٹامن سی کا بھرپور ذریعہ ہے، ایک اوسط لیموں میں تقریباً 53 ملی گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے، جو روزانہ درکار مقدار کا تقریباً 60 فیصد بنتا ہے، تحقیقات کے مطابق وٹامن سی سے بھرپور غذائیں دل کے امراض، فالج اور ہارٹ اٹیک کے خطرات کو کم کرتی ہیں، لیموں میں موجود فائبر بھی دل کو مضبوط اور خون میں کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

وزن میں کمی کے لیے معاون

لیموں کو وزن کم کرنے کے لیے بھی مؤثر سمجھا جاتا ہے، اس میں موجود pectin فائبر پیٹ بھرنے کا احساس بڑھاتا ہے، جس سے زیادہ کھانے کی خواہش کم ہو جاتی ہے، بعض لوگ گرم پانی میں لیموں کا عرق ملا کر پینے کو وزن گھٹانے کا نسخہ مانتے ہیں، اگرچہ اس حوالے سے سائنسی شواہد محدود ہیں۔

گردوں کی پتھری سے بچاؤ

گردوں کی پتھری ایک عام مگر تکلیف دہ بیماری ہے، لیموں میں موجود Citric Acid پتھری بننے کے عمل کو روکتا ہے، روزانہ تھوڑی مقدار میں لیموں کے عرق کا استعمال گردوں کی پتھری کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

خون کی کمی سے نجات

آئرن کی کمی اکثر خون کی کمی (انیمیا) کا باعث بنتی ہے، لیموں میں آئرن معمولی مقدار میں موجود ہوتا ہے، مگر اس کا اصل فائدہ یہ ہے کہ یہ دیگر غذاؤں سے آئرن جذب کرنے میں مدد دیتا ہے، وٹامن سی اور سٹرک ایسڈ کی بدولت جسم پودوں پر مبنی غذاؤں سے بھی آئرن بہتر طور پر جذب کر لیتا ہے۔

کینسر کے خطرات میں کمی

تحقیقات کے مطابق پھلوں اور سبزیوں سے بھرپور غذا کینسر کے امکانات کو کم کرتی ہے، لیموں میں موجود نباتاتی مرکبات (Plant Compounds) جسم میں کینسر پیدا کرنے والے خلیات کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ہو سکتے ہیں، کچھ مطالعات میں یہ بھی بتایا گیا کہ ترش پھلوں کے استعمال سے پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

نظامِ ہاضمہ کی بہتری

لیموں میں قدرتی شکر اور حل پذیر فائبر کی شکل میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار تقریباً 10 فیصد ہوتی ہے، اس میں موجود pectin فائبر آنتوں کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے اور نظامِ ہاضمہ کو فعال رکھتا ہے، یہ فائبر شکر اور نشاستہ کے ہضم ہونے کے عمل کو سست کرتا ہے، جس سے بلڈ شوگر لیول قابو میں رہتا ہے۔

صحت سے مزید