• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ایک بار مرنا ضروری تھا‘، نعمان جاوید کا خودکشی کا انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار نعمان جاوید نے حالیہ انٹرویو میں خودکشی کا انکشاف کیا۔

انہوں نے بتایا کہ زندگی کے طویل عرصے تک ڈپریشن کا شکار رہا جس کے بارے میں اب جاکر علم ہوا۔

نعمان جاوید گزشتہ 2 دہائیوں سے بحیثیت گلوکار و موسیقار میوزک انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ ایک وقت تھا جب دردِ تنہائی اور میں چلا جیسے ہٹ گانے دینے والے گلوکار کی زندگی کامیاب گانوں سے لے کر ناکام شادیوں تک ہمیشہ لائم لائٹ کا حصہ رہی۔

حال ہی میں گلوکار نے مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے عروج و زوال، زندگی کے نشیب و فراز سمیت مختلف امور پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں نعمان جاوید نے کہا کہ کیریئر میں ایک مختصر وقت ایسا بھی آیا جب میں کامیابی کی سڑھیاں چڑھ رہا تھا لیکن میں نے وہ موقع گنوا دیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ میں طویل عرصے سے کلینیکل ڈپریشن کا شکار ہوں لیکن مجھے اب جاکر اس بات کا علم ہوا ہے اور اسی وجہ سے میری زندگی اتار چڑھاؤ سے بھری رہی۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن سے میری پرورش کچھ اس طرح ہوئی کہ جہاں مجھے بتایا گیا کہ دنیا کا ایک خاص طریقہ ہے، عورتوں و مردوں کا یہ کردار ہے، ہمیں اس طرح چلنا ہے لیکن جیسے جیسے میں بڑا ہوا تو احساس ہوا کہ دنیا اس کے بالکل برعکس ہے، اس چیز نے میرے ذہن پر منفی اثر مرتب کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ذہنی تناؤ سے نکلنے کے لیے کبھی کسی کی مدد نہیں لی۔ یہی سب سے خوفزدہ حصہ ہے زندگی کا کہ مدد کے لیے کبھی کسی سے نہیں کہا اور طویل عرصے اندھیروں میں رہا۔

گلوکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ چند سال قبل خودکشی کی کوشش کی تھی، اور جب کوئی مجھ سے پوچھتا ہے کہ میں نے ایسا کیوں کیا تو میں اسے یہی کہتا ہوں کہ ایک بار مرنا ضروری تھا۔ مجھے اس پر فخر نہیں ہے، یقیناً یہ غلط ہے، کوئی بھی اپنی ذات کے ساتھ سب سے برا یہی کرسکتا ہے کہ اپنے آپ کو نقصان پہنچائے لیکن اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسا کرنا ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ موت کو قریب سے دیکھ کر اندازہ ہوا زندگی کتنی خوبصورت چیز ہے اس کی قدر کرنی ہے۔ اب میں ٹھیک ہوں، ان حالات سے نکلنے میں صرف اللّٰہ نے میری مدد کی اور مجھے بچایا۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اپنی ناکام شادیوں کا ذمہ دار خود کو ٹھہرایا اور کہا کہ شادی سے خوبصورت رشتہ اور کوئی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ نعمان جاوید نے 2016 میں گلوکارہ فریحہ پرویز سے شادی کی تھی تاہم ان کی شادی زیادہ عرصے نہیں چل سکی اور چند ماہ بعد ہی طلاق پر ختم ہوگئی۔ بعدازاں 2016 میں ہی وہ اداکارہ جاناں ملک سے شادی کے بندھن میں منسلک ہوئے تاہم یہ شادی بھی زیادہ عرصے نہ چل سکی اور 2017 میں طلاق پر ختم ہوگئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید