پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ میں نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کے تعاون سے ایک شاندار آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
نمائش کا عنوان ’Allure of the East: Interpreting Tradition‘ تھا، جس کی افتتاحی تقریب 13 اکتوبر 2025ء کو منعقد ہوئی۔
نمائش میں 20 پاکستانی فنکاروں کے فن پارے پیش کیے گئے، جنہوں نے مشرقی روایات اور جدید فنونِ لطیفہ کے امتزاج کو نمایاں انداز میں اجاگر کیا۔
سندس اظفر نے نمائش کی کیوریٹر کے طور پر فرائض انجام دیے، جبکہ ہنگری کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر شاندور فازیکاس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
افتتاحی تقریب میں ہنگری میں پاکستانی سفیر آصف حسین میمن نے اپنے خطاب میں نیشنل لائبریری آف فارن لٹریچر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ثقافتی روابط ان تعلقات سے بھی کہیں پہلے کے ہیں۔
سفیر نے علامہ اقبال کی نظم اور فیض احمد فیض کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ادب اور فن، اقوام کے درمیان قربت بڑھانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔
نیشنل لائبریری کی ڈائریکٹر جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان تعاون، مکالمے اور باہمی احترام کی علامت ہے۔
کیوریٹر مس سندس اظفر نے بتایا کہ نمائش میں شامل فن پارے اس بات کا اظہار ہیں کہ کس طرح روایت ایک قومی شناخت کی تشکیل میں کردار ادا کرتی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر ہنگیرین نیشنل اسمبلی ڈاکٹر شاندور فازیکاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ہنگری نے 1965ء میں سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، جو وقت کے ساتھ مختلف شعبوں، سیاسی، معاشی، تعلیمی اور ثقافتی میدانوں میں مضبوط ہوتے گئے ہیں۔
انہوں نے ہنگری کی آئل اینڈ گیس کمپنی MOL کے پاکستان میں کردار اور تعلیمی وظائف کے پروگرام کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا اہم جزو قرار دیا۔
یہ بوڈاپسٹ میں پاکستانی سفارت خانے کی دوسری آرٹ نمائش تھی، پہلی نمائش ستمبر 2023ء میں منعقد ہوئی تھی، جبکہ موجودہ نمائش 22 اکتوبر 2025ء تک جاری رہے گی۔
یہ نمائش ناصرف پاکستانی فنکاروں کے تخلیقی اظہار کو عالمی سطح پر اجاگر کرتی ہے بلکہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنانے میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔