ملتان(سٹاف رپورٹر)سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے کہا ہے کہ صحت عامہ کی سہولیات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی غفلت قابل قبول نہیں۔تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ ویکسین لازمی پلوائیں۔ آج کے پولیو ویکسین کے دو قطرے ہماری آئندہ نسلوں کے صحت مند ہونے کے ضامن ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے ٹاؤن ہسپتال ممتاز آباد ملتان میں سروس ڈیلیوری اور شہر میں مختلف پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران کیں ،انہوں نے ٹاؤن ہسپتال میں سٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی سمیت دیگر امور کو چیک کیا، مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے فراہم کردہ طبی و دیگر سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔