پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھالیا ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی نے ان سے حلف لیا جس کے بعد سہیل آفریدی وزیر اعلی سیکرٹریٹ پہنچے جہاں عملے نے ان کا استقبال کیا اور پولیس دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ، سیکرٹریٹ عملہ کی جانب سے دفتری امور پر مختصر بریفنگ کے بعد سہیل آفریدی نے صوبہ کے 23 ویں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اپنا منصب سنبھال لیا۔تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے 8 اکتوبر کو سابق وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے سہیل آفریدی کو نیا وزیر خیبرپختونخوا نامزد کیا تھا جو 11 اکتوبر کو صوبائی اسمبلی سے 90 ووٹ لیکر قائد ایوان منتخب ہوگئے تھے جس کے بعد تحریک انصاف نے نومنٹخب وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ، عدالت نے گورنر خیبرپختونخوا کو 15 اکتوبر کو نومنٹخب وزیر اعلیٰ سے حلف لینے کا حکم دیتے ہوئے قراردیا کہ اگر گورنر حلف نہیں لیتے تو سپیکر صوبائی اسمبلی اسی روز وزیر اعلیٰ سے حلف لیں چنانچہ عدالتی احکامات کی روشنی میں بدھ کی شام گورنر ہاؤس پشاور میں نومنتخب وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب منقعد ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سہیل آفریدی سے بطور وزیر اعلیٰ ان کے عہدے کا حلف لیا ۔