راولپنڈی ( حافظ وسیم،اسٹاف رپورٹر)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان کو اسلام آباد سے اغوا کرلیا گیا، 14اکتوبرکو نامعلوم مسلح افراد گن پوائنٹ پر اغواء کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے، مغوی کی اہلیہ نے ایف آئی آردرج کرا دی، تھانہ شمس کالونی اسلام آباد میں ایف آئی آردرج کرواتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کی اہلیہ روزینہ عثمان نے بتایاکہ سائلہ کا خاوند محمد عثمان ولد عبدالسلام این سی سی آئی اے میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن تعینات تھا اور مختلف حساس نوعیت کے پراجیکٹ پر کام کر رہا تھا اور زاہرہ ہائٹس ایچ 13میں رہائش پذیر تھا، 14ا کتوبر کو تقریباً ساڑھے سات بجے سفید رنگ کی گاڑی ٹیوٹا کرولا نمبر 2962میں نامعلوم 4افراد ہمراہ اسلحہ آئے اور گن پوائنٹ پر میرے خاوند کو نامعلوم مقام پر لے گئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مغوی کی تلاش شروع کردی۔ دریں اثنا کراچی سے اسد ابن حسن کے مطابق مقدمہ نمبر 467/2 5تعزیرات پاکستان کی دفعہ 365کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کی مدعیہ مسز عثمان نے اپنے خاوند کی پراسرار گمشدگی کے متعلق پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور پھر عدالتی حکم کے بعد مذکورہ مقدمہ درج ہوا۔