کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مویشی و ماہی پروری کے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ کیٹی بندر (ضلع ٹھٹھہ) اور شاہ بندر (ضلع سجاول) میں منی فِش ہاربرز قائم کرنے کی تجویز تیار کی جائے تاکہ چھوٹے پیمانے کی ماہی گیری کو فروغ دیا جا سکے۔ دونوں بندرگاہوں کی مجموعی لاگت تقریباً ایک ارب 35 کروڑ روپے ہوگی جبکہ منصوبہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اس کی مالی معاونت صوبائی اور غیر ملکی ذرائع سے کی جائے گی۔یہ ہدایات وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیر برائے مویشی و ماہی پروری محمد علی ملکانی اور سیکریٹری فشریز ڈاکٹر کاظم جتوئی کے ساتھ ملاقات کے دوران دیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی فِش ہاربر اپنی گنجائش سے تجاوز کر چکا ہے جسکے باعث ماہی گیروں کو تاخیر، رش اور بعد از شکار نقصان کا سامنا ہے۔ تقریباً آدھی مچھلی اور جھینگے کی پیداوار دیر سے اتارنے اور کم گہرے پانی کے باعث خراب ہو جاتی ہے جس سے اس کی برآمدی قدر متاثر ہوتی ہے۔ان مسائل کے حل کیلیے محکمہ مویشی و ماہی پروری نے مالی سال 2025-26کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منی ہاربرز کے قیام کے لئے تصوراتی منصوبے تیار کئے ہیں۔ ان ہاربرز میں جدید آکشن ہالز، اسٹوریج اور ڈاکنگ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔