اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ سمندری حیات کے تحفظ کیلئے حکومت ایک قومی ایکشن پلان تیار کر رہی ہے، جس کا مقصد بحیرۂ عرب میں پائی جانے والی نایاب اور خطرے سے دوچار شارک کی اقسام کا تحفظ ہے۔ وفاقی وزیر نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ممنوعہ شارک کے مسلسل غیرقانونی شکار سے سمندری حیات کے توازن کے ساتھ پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی سمجھوتوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ ان میں ریقیوم، ہیمر ہیڈ، تھیشر، میکریل اور وہیل شارک شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ باسکنگ شارک جو بحیرۂ عرب کی ایک نایاب اور خطرے سے دوچار قسم ہے، عالمی ادارہ آئی یو سی این کی ریڈ لسٹ میں درج ہے۔ یہ مچھلی جال میں پھنسنے اور کشتیوں سے ٹکرانے جیسے خطرات کا سامنا کرتی ہے۔