اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ چہرے اور پارٹیاں نہیں، نظام بدلنے سے ملک کے مسائل حل ہوں گے، دو فیصد سے کم اشرافیہ نے اٹھانوے فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے، معیشت، زراعت، صنعت کے شعیوں میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، عدالتوں اور پولیس کے نظام میں اصلاحات لانی ہوں گی۔ جامعہ مفتاح العلوم شیرگڑھ مردان میں فضلاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے تحریک اسلامی سے وابستہ علماء پر زور دیا کہ وہ تمام مسالک کے احترام کو یقینی بناتے ہوئے فروعی اختلافات سے بالاتر ہوکر اقامت دین کی جدوجہد کو تیز کریں۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطا الرحمن، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی مولانا مفتی عبدالواسع، صدر مرکزی ختم نبوت مولانا مفتی امتیاز مروت، امیر ضلع مردان غلام رسول،مدیر جامعہ مفتاح العلوم مولانا صفی اللہ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء کو نومبر میں مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والے تین روزہ اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ علماء اپنے خطبات اور دروس میں اجتماع کی دعوت کو عام کریں، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اجتماع عام ملک میں تبدیلی کا پیشہ خیمہ ثابت ہوگا اور ملک میں موجود سیاسی خلا کو پُر کرنے اور تقسیم کو ختم کرنے کی نوید بنے گا۔