لاہور(خصوصی نمائندہ/مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے ٹی ایل پی پر پابندی کی سمری وفاق کو بھجوادی ۔نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی ، دفعہ 144 صوبے میں لاگو، جلاؤ گھیراؤ پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کریں گے،بینک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی ہوگی۔صوبائی وزیرا طلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ٹی ایل پی پر پابندی لگا دی گئی ہے اور اس کی سمری وفاق کو ارسال کردی گئی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تاجر برادری ،ٹرانسپورٹرز اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہڑتال کی کال کو رد کیا ہے۔ ایک مذہبی جماعت کےاحتجاج کا کوئی جواز نہیں ہے۔مذہب کی آڑ میں یا کسی ایک بات کو جوازبناکرملک کومفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ جیل میں ہیں مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ انہیں رہا کیا جائے۔ مطالبات میں کہیں فلسطین کا نام نہیں تھا۔ غزہ جنگ بندی میں دنیاپاکستان کےکردارکی تعریف کررہی ہے۔ احتجاج کی کال غزہ امن معاہدے کے بعد دی گئی، یہ پُرامن احتجاج نہیں تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ شہید ایس ایچ او کا کیا قصور تھا۔