اسلام آباد (اسرار خان)بڑی صنعتیں لڑکھڑا گئیں:لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی شرح نمو میں تیزی سے کمی، اگست میں سال بہ سال شرح نمو صرف 0.54 فیصد رہی؛ مہنگے خام مال سے صنعتیں متاثر؛ پیداوار جولائی سے 2.75فیصد کم۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کا شعبہ اگست 2025میں تقریباً رک سا گیا، جہاں سال بہ سال شرح نمو صرف 0.54فیصد رہی۔ یہ شرح جولائی میں ریکارڈ کی گئی 8.99 فیصد کی مضبوط نمو کے مقابلے میں ایک تیز گراوٹ کو ظاہر کرتی ہے، کیونکہ فیکٹریاں کم ہوتی ہوئی طلب اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت سے نبرد آزما رہیں۔ ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر، صنعتی پیداوار میں جولائی کے مقابلے میں 2.75 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ یہ اعداد و شمار سخت مانیٹری حالات اور مسلسل افراط زر کے دباؤ کے درمیان ایک نازک بحالی کا اشارہ دیتے ہیں۔