کراچی( افضل ندیم ڈوگر )لازمی کورس میں فیل ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز عہدوں پر تعینات رہیں گے،سندھ پولیس کی ٹریننگ برانچ کے تحت اسپیشلائزڈ ٹریننگ کورس میں فیل ہونے والے 33 ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مزید 6 ماہ کی مہلت دے دی ہے۔ غلام نبی میمن نے اس نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس کو کامیاب بنانے کے لیے افسران سے نرمی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ناکام ہوئے افسران کو عہدوں سے نہیں ہٹایا جا رہا بلکہ انہیں 31 مارچ 2026 تک کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اس عرصے میں لازم کورس کا امتحان پاس کریں۔ اس کے بعد بھی اگر کوئی افسر فیل ہوا تو اسے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کورس کی شروعات سندھ پولیس میں پولیس افسران کے معیار انویسٹی گیشن اور قابلیت کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہے۔