اسلام آباد (اسرار خان) ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے علاقائی تربیتی کورس کے اختتام پر جمعہ کے روز ایشیا اور بحرالکاہل کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے سائنس دانوں اور ماہرین نے خوراک کی عدم تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے خطے میں مضبوط سائنسی تعاون کی اپیل کی۔ یہ تربیتی کورس نیوکلیئر انسٹیٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بایولوجی میں منعقد ہوا جو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا ایک اہم تحقیقی ادارہ ہے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف سلیم، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر اینڈ بایوٹیکنالوجی (PAEC) نے کہا کہ خطے کو غذائی قلت، پانی کی کمی اور نئی فصلوں کی بیماریوں جیسے بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا ہے جن کا مقابلہ جدید سائنسی طریقوں سے ہی ممکن ہے۔