• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای ڈی کیلئے 15 امیدوار شارٹ لسٹ، 50 فیصد سے زائد نمبر والے 31 دوڑ سے باہر

کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن میں مستقل چیرمین کی عدم موجودگی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے کے لئے انٹرویوز جمعرات 23اکتوبر کو ہوں گے۔ شارٹ لسٹنگ کے لئے اختیار کردہ من مانا معیار ، غیر شفاف اور بغیر تصدیق یا جانچ پڑتال کے کیا گیا امیدواروں کا انتخاب اتنے اہم عہدے کے لئے انتخابی عمل کی ساکھ کو متاثر کرسکتا ہے۔ ای ڈی کے عہدے کے لئے 74امیدواروں میں سے 46امیدواروں نے 50فیصد یا اس زائد نمبر لئے ہیں تاہم صرف ان 15 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا جنہوں نے 66 فیصد یا اس سے زائد نمبر لئے ہوں جبکہ متنازع اسکورنگ کی بنیاد پر ہما بقائی، ظہور بازئی، خالد عراقی، مدد علی شاہ اور سیدہ ضیاء بتول اور ایچ ای سی کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد مظہر سعید سمیت کئی اہم امیدواردوڑ سے باہر ہوگئے۔ جن 15امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ان میں روبینہ فاروق اور محمد طفیل نے92نمبر حاصل کئے، عطااللہ شاہ نے 88.5نمبر حاصل کئے، محمد زکریہ ذاکر نے 85نمبر حاصل کئے۔ جہاں بخت نے 78.5نمبر حاصل کیئے۔ یاسر ایاز نے 78نمبر حاصل کئے۔ ضیا الحق نے 77.5، فیصل احمد خان نے 76، جمیل احمد نے 73.5، ہمایوں ستار نے 68.5، محمد علی شیخ، شاہد محمود بیگ اور محمد رضا چوہان نے 67، زاہد حسین کھنڈ نے 66.5، اور قیصر عباس نے 66 نمبر حاصل کئے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ متنازع اسکورنگ کی بنیاد پر آئی بی اے کراچی کی سابق ڈین ہما بقائی، بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ظہور احمد بازئی، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، سندھ کی دو جامعات کے وائس چانسلر رہنے والے ڈاکٹر مدد علی شاہ اور سیدہ ضیاء بتول سمیت کئی اہم امیدوار جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد مظہر سعید بھی تھے متنازع اسکورنگ کے باعث ای ڈی کی دوڑ سے باہر ہو گئے ۔ محمد مظہر سعید 68 ویں نمبر پر رہے اور انہوں صرف 20 نمبر حاصل کئے تاہم ان کا کہنا وہ پہلے امیدوار تھے لیکن جب ایڈیشنل انفارمیشن مانگی گئی تو انہوں نے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔قائم مقام چیرمین ایچ ای سی/وفاقی سکریٹری تعلیم و پیشہ ور تربیت ندیم محبوب سے مستقل چیئرمین کے بغیر عجلت میں ای ڈی کی تقرری سے متعلق جب سوال کیا گیا تو انھوں نے کوئ جواب نہیں دیا۔
اہم خبریں سے مزید