کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمدنے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک جیسے کثیر جہتی ترقیاتی اداروں کے مستقل اشتراک سے پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پر پیش رفت جاری رکھ کر پائیدار اقتصادی نمو، اور اپنے عوام کی سماجی و معاشی بہبود حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا‘ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام آ گیا ہے‘ ماحول اب اگلے مرحلے کے لیے بالکل تیار ہے جو سرمایہ کاری اور معاشی نمو کی بحالی کا ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمیل احمد نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کےسالانہ اجلاسوں کے موقع پر عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کار اداروں بشمول جے پی مورگن، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ ، جیفریز، بارکلیز، سٹی بینک، بینک آف امریکا سیکورٹیز، اور کریڈٹ ریٹنگ کی اہم ایجنسیوں کے سینئر ایگزیکٹوز سے ملاقاتوں میں پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے اقتصادی منظر نامے کو اجاگر کیا۔