ملتان (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب، ملتان ڈویژن،ملتان سٹی ، انسانی حقوق ونگ اور دیگر تنظیموں کے زیراہتمام سانحۂ کارساز کے شہدا کی 18ویں برسی کے موقع پرمختلف مقامات پر دعائیہ تقاریب منعقد ہوئیں، اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شمعیں روشن کی گئیں، دعائیہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم نہ کبھی شہادتوں سے ڈرے ہیں اور نہ ہی کبھی ڈریں گے ،پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ روٹی ، کپڑا اور مکان کی بات کی اور عوام کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ جنوبی پنجاب کے صدر سلیم الرحمٰن میو کی جانب سے سانحہ ٔکارساز کے شہداء کی یاد میں قرآن خوانی و دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، پیپلز پارٹی ملتان ڈویژن کے صدر خالد حنیف لودھی، سینیئر رہنما حبیب اللہ شاکر، نفیس احمد انصاری، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات ایم سلیم راجہ اور پیپلز لیبر بیورو ملتان ڈویژن کے صدر مہر نادر سلطان گنپال نے ایم ڈی ای چوک، کچہری روڈ پر سانحہ کارساز کے شہداء کے لئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کیا،ضلع کچہری ملتان میں بھی سانحہ ٔکارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔