کراچی (نیوز ڈیسک) یوکرین نے انکشاف کیا ہے کہ یورپی ممالک نے 700روسی جاسوس نکال دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یوکرین کی فارن انٹیلی جنس سروس کے مطابق، جب سے ماسکو نے یوکرین پر اپنا مکمل حملہ شروع کیا ہے، تب سے یورپی ممالک نے سفارتی کور کے تحت کام کرنے والے تقریباً 700 روسی انٹیلی جنس ایجنٹوں کو ملک بدر کر دیا ہے۔ ایجنسی نے بتایا کہ ممالک کے لحاظ سے، بلغاریہ نے 82، جرمنی نے 65، پولینڈ نے 58، رومانیہ نے 52، سلوواکیہ نے 32، جبکہ سلووینیا اور نیدرلینڈز نے ہر ایک نے 34 مبینہ ’’سفارت کاروں‘‘ کو ملک بدر کیا، اور دیگر ممالک نے بھی یہی کارروائی کی۔ سروس نے مزید کہا کہ یورپی سیکیورٹی سروسز کی جانب سے کریملن کے جاسوسی نیٹ ورک کو ختم کرنے کے بعد، روسی انٹیلی جنس نے اپنی توجہ یورپی شہری آبادی سے بھرتی کیے گئے ’’یک بار استعمال ہونے والے ایجنٹوں‘‘ پر مرکوز کر دی ہے۔ 2022 سے اب تک، پولینڈ نے روسی سروسز کے لیے کام کرنے کے شبے میں 47افراد کا پتہ لگایا ہے، ایسٹونیا نے 20، لٹویا نے 19اور جرمنی نے 12 افراد کو بے نقاب کیا ہے، و اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک وسیع حکمت عملی ہے، نہ کہ محض الگ تھلگ واقعات۔