کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) حکومت نے ایشین یوتھ گیمز میں پاکستانی دستے کی تعداد کم کی ہے۔ اس صورتحال میں بعض تنظیموں پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ایکری ڈیشن کے بعد شریک نہ ہونے پر ایشیائی اور عالمی فیڈریشن کی جانب سے جرمانے کا خطرہ ہے ۔ اولمپکس کونسل آف ایشیا کہہ چکی ہے کہ حصہ نہ لینے والی فیڈریشنوں پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔ فیڈریشنز حکام کے مطابق یہ جرمانے انہیں ہی ادا کرنے ہونگے کیونکہ حکومت ادائیگی نہیں کریگی ۔ ادھر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے صورت حال پر میڈیا کو اعتماد میں نہیں لیا ہے، اس رویے سے فیڈریشن حکام اور کھلاڑی پریشانی سے دوچار ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی او اے کے عہدے دار مقابلے کیلئے قومی دستے کے ارکان، کھیلوں میں حصہ لینے والے ایونٹ کی تعداد اور نام سے متعلق چپ سادھے ہوئے ہیں۔