کراچی اکتوبر (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت اور اجتماعی جدوجہد کا دوسرا نام ہے، ہم انفرادی کوششوں سے بڑھ کر انصاف اور صالح اجتماعی نظام کے قیام کے لیے کوشاں ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی، علاقہ گلزارِ ہجری کے تحت حقوقِ گلزارِ ہجری و ممبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ گلزارِ ہجری سمیت پورا شہر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، پانی، بجلی، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ سمیت شہریوں کے مسائل حل کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کہ اقتدار میں رہنے والے حکمرانوں نے اختیارات اور وسائل کے باوجود کراچی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، جماعت اسلامی ان مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور عوامی قوت کے ذریعے شہر کو اس کے جائز حقوق دلانے کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہے،کراچی پورے پاکستان کی معیشت کا مرکز ہے، یہ شہر وفاق کو 67فیصد ریونیو دیتا ہے اور سندھ حکومت کو بھی 95 فیصد آمدنی فراہم کرتا ہے، مگر بدقسمتی سے بدانتظامی، کرپشن اور مفادات کی سیاست کے باعث کراچی کو مسلسل اس کے حقوق سے محروم رکھا گیا،انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی سیکریٹری یونس ڈاگا کے مطابق گزشتہ 15 برسوں میں کراچی کو 3360 ارب روپے کے فنڈز سے محروم رکھا گیا۔ اگر صرف اس سال کراچی کو اس کے واجب الادا 880 ارب روپے دے دیے جائیں تو نہ صرف کے فور منصوبہ مکمل ہوسکتا ہے بلکہ گرین، ریڈ اور یلو لائن جیسے تمام ٹرانسپورٹ منصوبے بھی پایہ تکمیل تک پہنچ سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت 21، 22 اور 23 نومبر کو مینار پاکستان، لاہور میں کل پاکستان اجتماعِ عام منعقد کیا جارہا ہے جس کا سلوگن ”بدلو نظام کو“ظلم کے نظام کو بدلنے کا عزم ہے،یہ اجتماع پاکستان کی دگرگوں صورتحال میں امید کی ایک نئی کرن ثابت ہوگا۔