کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اللہ پاک نے پاکستان کو جو عزت عطا کی ہے وہ ہر کسی کے حصے میں نہیں آتی،پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک عظیم اسلامی نظریاتی ریاست ہے،وطنِ عزیز کی حفاظت، ترقی اور استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان دشمن قوتیں ملک کو کمزور کرنے کے خواب دیکھ رہی ہیں مگر ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی،قوم کو چاہیے کہ اتحاد و اتفاق کے ساتھ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنائے، کیونکہ پاکستان کی بقا، استحکام اور عزت ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے، ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور پاکستان دشمن عزائم نے اس کے اپنے چہرے سے امن و جمہوریت کا نقاب اتار دیا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کے مظالم اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے والی سازشوں کا نوٹس لینا چاہیے۔