کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور کنوینر دریائے سندھ بچاؤ تحریک سید زین شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کا احترام نہیں ہو رہا ہے۔ اگر ملک میں آئین کا احترام نہیں ہو گا تو ملک کیسے چلے گا،ہم عوام کو بیدار کر کے تحریک چلائیں گے اور اس موجودہ کرپٹ نظام کو دفن کرنے پر مجبور کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان سندھ کے اجلاس کے بعد مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس کے ہمراہ مشترکہ میڈیا بریفننگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر علامہ حسن نظر نقوی، علامہ صادق جعفری، مولانا حیات عباس، علامہ مبشر حسن، آفتاب خانزادہ و دیگر موجود تھے، علامہ ناصر عباس جعفری نے پریس بریفننگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئیے بنی ہے، آئین کی بالا دستی کے بغیر فیڈریشن نہیں چل سکتی۔ ملک میں تمام ادارے آئین کی روشنی میں بنے ہیں، آئین ملک میں رہنے والی اکائیوں کا ترجمان ہے، ملک میں آئین بننے کے کچھ عرصے بعد ہی مارشل لاء لگا اگر آئین پر وار کیا گیا اور یہ سلسلہ جاری رہا جو آج تک جاری ہے۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر 8 فروری 2024 کو ملک میں الیکشن کروا کر آئین کی پامالی کی گئی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، سید زین شاہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ملک میں 2024 کے جعلساز الیکشن کے ذریعے جو سسٹم لائی وہ فیل ہو چکا ہے ۔