کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے ایم نائن سپر ہائی وے پر واقع غیر قانونی افغان بستی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں قائم تمام غیر قانونی اور بے قاعدہ بستیوں کو قانون کے مطابق ریگولرائز کیا جائے ، افغان بستی جرائم، منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز بن چکی تھی، اور اس کا خاتمہ شہریوں کے لیے ایک خوش آئند اقدام ہے، انہوں نے تجویز دی کہ مذکورہ اراضی پر ایک جدید عوامی پارک قائم کیا جائے تاکہ شہر میں پارکوں اور سبز مقامات کی کمی کو دور کیا جا سکے، حکومت اور کے ڈی اے فوری طور پر کم لاگت ہاؤسنگ اسکیموں کا آغاز کرے تاکہ عوام کو رہائش کے بہتر مواقع میسر آئیں اور غیر قانونی آبادکاری کی حوصلہ شکنی ہو،انہوں نے زور دیا کہ کچی آبادیوں کو ریگولرائز کر کے انہیں ترقی یافتہ بستیوں کے ہم پلہ لایا جا سکتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ کراچی کے ماسٹر پلان کے مطابق کام کرے اور تمام بستیوں کو شہری سہولیات سے آراستہ کرے، اس ضمن میں کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور بی آر ٹی منصوبوں پر تیزی سے کام ناگزیر ہے۔