کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کسان بورڈ سندھ کی جانب سے دھان کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پرکمی اور غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے گئے ، جن سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ، کسان بورڈ سندھ کے صدر عبدالقدوس احمدانی، حافظ نصر اللہ چنا، محمد یوسف، امداد اللہ بجارانی، زبیرحفیظ شیخ، سید علی مردان شاہ، غلام مصطفی میرانی، ایڈووکیٹ مجیدسموں اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا، صوبائی امیر کاشف سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی خوشحالی کسانوں کی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے کیونکہ سندھ کے 70 فیصد عوام کا تعلق زراعت کے شعبے سے ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے گزشتہ 17 برسوں سے مکمل سہولت کاری کے نتیجے میں گنے اورگندم کی طرح رائس مل مافیا اور سرمایہ دار کسانوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کر رہے ہیں، آج سندھ کے کسان پانی کی قلت اور زرعی اجناس کے مناسب نرخ نہ ملنے کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، حکومت سندھ خاموش تماشائی بننے کے بجائے کاشتکاروں کے معاشی قتل کا سختی سے نوٹس لے، انہوں نے پیپلز پارٹی حکومت کے ہاری کارڈ کو مسترد کرتے ہوئے اسے لالی پاپ قرار دیا اور کہا کہ کسانوں کو ہاری کارڈ کے نام پربھکاری بنانے کی بجائے ان کی فصلوں کا منصفانہ ریٹ دیا جائے۔