کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم بھر پور طور پر جاری ہے، انکاری اور رہ گئے بچوں کی ویکسی نیشن میں اضافہ ہوا ہے، وہ ڈپٹی کمشنر ملیر کے ساتھ ضلع ملیر کی حساس یونین کونسلز مسلم آباد اور مظفرآباد کا دورہ کررہے تھے ، اس موقع پر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر سعود یعقوب، پولیس افسران، ہیلتھ، پولیو، سپورٹ ٹیم کے ارکان اور علاقہ معززین بھی موجود تھے، کمشنر کراچی نے افسران اور پولیو ورکرزسے براہ راست کارکردگی کے بارے میں بریفنگ لی ، پولیو وکرز نے انکاری بچوں کی ویکسی نیشن کے سلسلے میں بعض والدین کے عدم تعاون اور توہین آمیز رویے کی شکا یت کی، کمشنر نے کہا کہ فیصلہ کیا گیاہے جو والدین پولیو ورکرز کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کریں گے، ان کے ساتھ انتظامیہ سختی سے پیش آے گی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاے گی،انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلا خوف انتظامیہ اور پولیس کو ان افراد کی نشاندہی کریں جو ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار اور کام میں مداخلت کریں