• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برین ٹریننگ گیمز یادداشت بڑھانے میں مؤثر، اہم دماغی کیمیکل میں اضافہ ریکارڈ

کراچی (نیوز ڈیسک) برین ٹریننگ گیمز یادداشت بڑھانے میں مؤثر، اہم دماغی کیمیکل میں اضافہ ریکارڈ، ایسیٹائل کولین نیوروٹرانسمیٹر کیمیکل یادداشت، سیکھنے اور توجہ مرکوز رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے دماغی مشقیں بڑھاپے میں ذہنی صلاحیتوں کو فعال رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ این بی سی نیوز کے مطابق حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ “برین ٹریننگ” یعنی ذہنی مشقوں پر مبنی ویڈیو گیمز نہ صرف یادداشت بہتر بناتے ہیں بلکہ دماغ میں ایسے کیمیائی مادے کی پیداوار بھی بڑھاتے ہیں جو سیکھنے اور توجہ کے لیے نہایت ضروری ہے۔ سائنسدانوں نے ایک 10 ہفتے کے مطالعے کے دوران شرکاء کے دماغوں میں ایسیٹائل کولین(Acetylcholine) نامی نیورو ٹرانسمیٹر کی مقدار کو جانچا۔ تجربے کے آغاز اور اختتام پر کیے گئے اسکینز سے معلوم ہوا کہ یہ کیمیکل کھیل میں حصہ لینے والوں کے دماغ میں نمایاں طور پر بڑھا۔ ماہرین کے مطابق ایسیٹائل کولین وہ کیمیکل ہے جو دماغ میں اعصابی خلیوں کے درمیان رابطے کو فعال رکھتا ہے، اور یہی یادداشت، توجہ اور سیکھنے کے عمل کو ممکن بناتا ہے۔ عمر کے ساتھ اس کی مقدار میں کمی آتی ہے، جو اکثر یادداشت کی کمزوری اور ڈیمنشیا جیسی حالتوں کا سبب بنتی ہے۔ تحقیق میں شامل سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مخصوص ذہنی مشقوں والے گیمز دماغی سرگرمی کو اس طرح متحرک کرتے ہیں کہ یہ اعصاب کو دوبارہ “ٹرین” کرتے ہیں، جس سے سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ اور بھولنے کے امکانات میں کمی آتی ہے۔ تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ایلن ہارپر کے مطابق، “یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اگر دماغ کو باقاعدگی سے چیلنج دیا جائے، تو وہ عمر کے ساتھ بھی خود کو مضبوط اور متحرک رکھ سکتا ہے۔” ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس رجحان کی مزید تصدیق بڑے پیمانے پر مطالعات میں ہو گئی تو ایسے برین ٹریننگ پروگرام مستقبل میں الزائمر اور دیگر یادداشت سے متعلق بیماریوں کے خلاف قدرتی علاج کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید