اسلام آباد (نیو زرپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ انہیں کاروباری وسعت کیلئے قرض کے حصول میں آسانی ہو،سمیڈا کے روڈ میپ کے اطلاق کی واضح مدت طے ہو اور اطلاق جلد سے جلد یقینی بنایا جائے، زرعی اجناس کی پراسیسنگ کیلئے دیہی علاقوں میں ایس ایم ایز کے حوالے سے تربیت یقینی بنائی جائے،گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ انہیں کاروباری وسعت کیلئے قرض کے حصول میں آسانی ہو۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت پیر کے روز سمیڈا کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی پر بلائے گئے جائزہ اجلاس کے دوران دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے و درمیانے پیمانے (SMEs) کی صنعتوں میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کیلئے اقدامات خوش آئند ہے، اس اقدام کی آگاہی بڑھائی جائے، پاکستان کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے،ترقی یافتہ ممالک میں بڑی صنعتوں کا خام مال ایس ایم ایز فراہم کرتی ہیں،انہوں نے سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔