پشاور(جنگ نیوز)تھیلی سیمیا فائٹرز اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کی خون و اجزائے خون کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے قیوم سٹیڈیم پشاور میں بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا تاشفین حیدر اور کھلاڑیوں اور عملہ نے خون کا عطیہ کیا، اس کے علاوہ اباسین یونیورسٹی پشاور، گورنمنٹ ڈگری کالج تخت بھائی مردان اور اربٹ کالج برا بانڈی سوات میں بھی عطیات خون کیمپ لگائے گئے جس میں فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کی یوتھ منسٹر ایجوکیشن میمونہ حسن اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے خون عطیہ کیا، فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر، میمونہ حسن سمیت خون عطیہ کرنے والے کھلاڑیوں اور طلباء و طالبات کا شکریہ کرتے ہوئے کہاکہ خون عطیہ کرنے سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے، خدمت خلق پر بلڈ ڈونر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو زندگی کے لئے ترستے تھیلی سیمیا فائٹرز اور دیگر امراض میں مبتلا بچوں کی جانیں محفوظ بنانے میں بھرپور تعاون اور اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ہم عوام کے تعاون سے ہی ایسے بچوں کی خون و اجزائے خون کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں جن کی زندگی کا دارومدار صرف انتقال خون پر ہے۔