• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرنٹئیر کالج فار وومن میں اینٹی کرپشن ڈےکے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پشاور(لیڈی رپورٹر)کرپشن کسی بھی معاشرے کی بنیادوں کو کمزور کر دیتی ہے۔ ترقی، انصاف اور اعتماد کا نظام اسی وقت قائم رہ سکتا ہے جب بدعنوانی کے خلاف موثر اقدامات کیے جائیں۔ اسی شعور کو اجاگر کرنے کے لیے فرنٹئیر کالج فار وومن پشاور میں "اینٹی کرپشن ڈے" کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے کرپشن کے خلاف آواز بلند کی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر نیب اختر علی تھے ،اس موقع پر پرنسپل فرنٹئیر کالج فار ویمن پروفیسر ڈاکٹر شاہین عمر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیب مس سلمی بھی موجود تھیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاختر علی اور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین عمر نے کرپشن کے منفی اثرات پر روشنی ڈالی اور طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار اور عمل سے معاشرے میں دیانت داری کو فروغ دیںاگر نوجوان نسل دیانت، خدمت اور شفافیت کے اصولوں کو اپنا لے تو پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے۔کالج کی پرنسپل محترمہ شاہین عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن ڈے جیسے ایونٹس نہ صرف طالبات کو شعور دیتے ہیں بلکہ انہیں معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جنگ صرف اداروں کی نہیں بلکہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے، خصوصا تعلیم یافتہ خواتین معاشرتی اصلاح میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔تقریب میں طالبات نے تقاریر، ڈرامے، ملی نغمے، پوسٹر سازی اور کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف کھڑی ہیں مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
پشاور سے مزید