اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے ملاقات کی جس میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور بحری و صنعتی شعبے کے انضمام پر مبنی جدید منصوبہ سی ٹو اسٹیل گرین میری ٹائم انڈسٹریل کوریڈورپر تفصیلی بات چیت کی گئی۔جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر پورٹ قاسم میں پہلا سی ٹو اسٹیل گرین انڈسٹریل کوریڈورقائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ آئندہ دس برسوں میں تقریبا 13 ارب ڈالر کی بچت کا ذریعہ بنے گا۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ منصوبہ بحری و صنعتی شعبوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرے گا جبکہ پاکستان اسٹیل ملز کو ایک جدید اسٹیل پراسیسنگ اور شپ ری سائیکلنگ و ریپیئر کمپلیکس کیساتھ منسلک کیا جائے گا، اس اقدام سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بچت کے ساتھ ساتھ مقامی صنعت کے فروغ اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ہارون اختر خان نے وزارتِ بحری امور کی تجویز کو قابلِ عمل اور دور رس اثرات کی حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس منصوبے پر متعلقہ وزارتوں کے باہمی اشتراک سے فوری عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔