کراچی ( اسٹاف رپورٹر)نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) کے درمیان بینکنگ سیکٹر اور کیپٹل مارکیٹس کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئےہیں ۔ اس شراکت کے ذریعے این بی پی کا مقصد بینکنگ سیکٹر اور کیپٹل مارکیٹ کے منظر نامے میں باہمی تعاون پر مبنی جدت طرازی کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے کے تحت این بی پی اور این سی سی پی ایل مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے، جس کے تحت این بی پی مارجن ٹریڈنگ کے لیے فنانسر کے طور پر خدمات فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لے گا، جس سے بینک سرمایہ کاروں کو ریڈی مارکیٹ میں اہل سکیورٹیز کی خریداری کیلئے سہولت فراہم کر سکے گا۔مزید برآں بینک این سی سی پی ایل کا کسٹوڈین کلیئرنگ ممبر بننے پر بھی غور کر رہا ہے۔این بی پی کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے کہا کہ یہ معاہدہ بینک کو مارجن فنانسنگ میں اسٹریٹجک اقدامات تلاش کرنے، کسٹوڈین کلیئرنگ ممبر بننے کے امکانات کا جائزہ لینے اور این سی سی پی ایل کے کیپٹل گین ٹیکس (سی جی ٹی) کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے سرمایہ اور قرضہ جاتی مارکیٹ کی پیشکشوں کو مزید بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔