کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد کوثر نیازی کالونی میں سنگدل باپ نے اپنی2 کمسن بیٹیوں کو تیز دھار آلہ سے وارکرکے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدری مارکیٹ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک جی کوثر نیازی کالونی میں سنگدل باپ نے تیز دھار آلہ سے وار کرکے اپنی 2معصوم بیٹیوں 8سالہ زینب اور 14سالہ عالیہ کو بیدردی سے قتل کردیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو گھر کے کمرے میں 2 کمسن بچیوں کی لاشیں خون میں لت پت پڑی تھی ملزم اکبر عبدالستار کو موقع پر گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا، پولیس ملزم کو گرفتار کرکے تھانے لے جا رہے تھی کہ مشتعل علاقہ مکینوں نے ملزم پر حملہ کردیا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے ملزم کو مشتعل علاقہ مکینوں کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کردیا اور قتل کی جانے والی بہنوں کی میتیں قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیں اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا، ایس ایچ او حیدری مارکیٹ انسپکٹر عدیل احمد نے بتایا ہے۔ ملزم مستری تھا اور طویل عرصے سے بیروزگاری کے باعث شدید مالی دباؤ اور قرضوں میں مبتلا تھا، اس پر مختلف کمیٹیوں کے واجبات تھے جنہیں وہ بےروزگاری کے باعث ادا نہ کر سکا اور اسی وجہ سے اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا، ملزم اکبر کی 5بیٹیاں اور ایک بیٹے تھا جن میں سے 2 بیٹیوں کو اس نے قتل کردیا، ملزم اکبر کے بیٹے ارسلان نے پولیس کو بتایا کہ تین بڑی بہنیں شادی شدہ ہیں اور دونوں چھوٹی بہنیں والد کے ساتھ رہائش پذیر تھی،4 سال قبل والدہ بھی انتقال کر چکی ہیں، 8 ماہ قبل والد نے اسے گھر سے بے دخل کردیا تھا صبح وہ اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ چاچی نے آکر بتایا کہ والد نے دونوں چھوٹی بیٹیوں کو بیدردی سے قتل کردیا ہے، ملزم اکبر کے بیٹے ارسلان نے بتایا کہ والد کی نیت بھی ٹھیک نہیں تھی اور والد کیخلاف تھانوں میں متعدد درخواستیں بھی جمع کروائی تھی۔