کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی کی جانب سے پارکس کو نجی افراد کے حوالے کئے جانے سے متعلق میئر کراچی و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سرکاری وکیل کو عمل درآمد رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ ہائی کورٹ میں کے ایم سی کی جانب سے پارکس کو نجی افراد کے حوالے کرنے سے متعلق اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین ایڈووکیٹ کی میئر کراچی و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل محمد واوڈا ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے اس درخواست پر کے ایم سی اور دیگر حکام کو احکامات جاری کئے تھے۔ ابھی تک عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ میری گزارش ہے کہ عدالت اس حوالے سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ لوگ عدالت کے حکم پر عمل کیوں نہیں کررہے۔