کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ مجاہد اکبر خان نے کہا ہے کہ ، غیر قانونی یا بلیک میلنگ پر مبنی نوٹسز کے اجراء کے خاتمہ کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جارہے ہیں قانونی معاملات کو شفاف رکھنے کیلئے نوٹس کے اجراء کا اختیار انوسٹی گیشن آفیسر (آئی او) سے لے کر ڈپٹی ڈائریکٹر کے حوالے کر دیا گیا ہے جس پر بارکوڈ بھی موجود ہوتا ہے، بار کوڈ کے ذریعے نوٹس کو آن لائن ٹریک کیا جاسکتا ہے۔ یہ اقدام منصفانہ اور شفافیت پر مبنی ہے جس سے عوام اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر محمد اکرام راجپوت، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر زاہد حمید، نائب صدر محمد طلحہ، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین دانش خان، کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زاہد سعید، سابق چیئرمین و صدور جنید نقی،گلزار فیروز، فرحان الرحمان،مسعود نقی، رزاق پراچہ، جوہر قندھاری، سلیم الزماں، فرخ مظہر، طارق ملک،شیخ فضل جلیل، اقبال بیگ، اسرار خان و دیگر بھی موجود تھے۔