اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)لاہور سمیت ملک بھر کے مندروں میں روشنیوں کا تہوار ”دیوالی“ منایاگیا۔وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام پنجاب ،سندھ اور خیبر پختونخواہ کے فنکشنل مندروں میں دیوالی کی تقریبات منعقد کی گئیں جہاں ہندو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ اعلیٰ حکام نے مختلف مندروں کا دورہ کر کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد دی اس موقع پر ہندو کمیونٹی میں خصوصی پرشاد اور عیدی تحائف تقسیم کیے گئے۔مرکزی تقریب کرشنا مندر راوی روڈ لاہور میں ہوئی جسے برقی قمقموں، رنگین لڑیوں اور پھولوں سے دلہن کی طرح سجایا گیا جبکہ روایتی چراغاں کیا گیا۔