کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ سے متعلق آئینی درخواست فوری سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وفاقی محتسب، گورنر اسٹیٹ بینک سمیت کمرشل بینکوں کو نوٹس جاری کردیئے۔ ہائی کورٹ میں ڈیجیٹل بینکنگ فراڈ سے متعلق آئینی درخواست کی فوری استدعا کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار دیا کہ شہری کے بینک اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے مختلف شہروں کے اکاؤنٹس میں منتقل کئے گئے۔ جعلسازوں نے خود کو بینک افسر ظاہر کرکے اکاؤنٹ ہولڈر سے خفیہ معلومات حاصل کیں۔ متاثرہ شہری نے بینکنگ محتسب سے رجوع کیا۔ مگر شکایت بغیر تحقیقات کے مسترد کر دی گئی۔ بینکنگ محتسب نے ڈیجیٹل آڈٹ ٹریل یا تفصیلی انکوائری نہیں کی۔ متاثرہ شہری نے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف صدرِ پاکستان کو اپیل کی۔