• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کا KP سے واپس کی گئیں بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو دینے کا اعلان

اسلام آباد ( طاہر خلیل) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخواہ کے انکار پر بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان بھجوانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے خیبرپختونخواہ حکومت کی طرف سے انکار کے بعد بلٹ پروف گاڑیاں فوری طور پر بلوچستان حکومت کو بھجوانے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں جواب دیا کہ سی ایم صاحب ڈن! یہ بلٹ پروف گاڑیاں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو بڑھانے کے لیے فوری طور پر بلوچستان بھیجی جائیں گی، اس معاملے کی نشاندہی کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ قبل ازیں اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ کی طرح بلوچستان بھی دہشت گردی سے متاثر ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی سے درخواست ہے کہ اگر کے پی حکومت بلٹ پروف گاڑیاں نہیں لے رہی تو یہ ہمیں دیدیں کیونکہ بلوچستان کو دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے اضافی حفاظتی سامان درکار ہے۔خیال رہے کہ یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی فراہم کردہ بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کا فیصلہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے صوبے میں ایک دفعہ پھر دہشتگردی آئی ہے، وفاقی حکومت ہمیں وار آن ٹیرر کے فنڈز سمیت دیگر آئینی حقوق نہیں دے رہی، وفاق کو ہماری قربانیوں کا احساس کرکے ہمیں ہمارے فنڈز بروقت جاری کرنے چاہئیں، ہمیں ہمارے فنڈز ملیں گے تو ہم پولیس کو مضبوط کر سکیں گے اور دہشت گردی کا مقابلہ کر سکیں گے، وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کے لیے جو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی ہیں وہ ناقص اور پرانی ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید