کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 141 ممالک کے فنکاروں کی شرکت سے ثقافت کے ذریعے سفارتکاری کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی ثقافتی شناخت عالمی سطح پر مزید مستحکم ہوگی، سندھ حکومت کو فخر ہے کہ وہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کی میزبان ہے، جو پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دنیا کے سامنے لانے کا ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتظامات کی نگرانی اور موثر رابطے کے لیے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو ، سیکریٹری ثقافت، نمائندہ رینجرز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے، چیف سیکریٹری سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ شہریوں اور بین الاقوامی مہمانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 30 اکتوبر سے 7 دسمبر تک آرٹس کونسل کراچی میں جاری رہے گا جس میں 1000 سے زائد فنکار پرفارم کریں گے۔