کراچی( اسٹاف رپورٹر )ڈکیتی مزا حمت اور دیگر واقعات میں دو بچوں اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے،تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں واقع گھر میں فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں 22 سالہ خاتون فرزانہ زوجہ محمد مصطفیٰ سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی ، پولیس نے گھرسے پستول اورخول برآمد کرلیا ہے، بفرزون سیکٹر 15 اے ٹو نجی بینک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 32 سال طلحہ ولد غلام ربانی زخمی ہو گیا ،اورنگی ٹاؤن خلیفہ چوک میں واقع مکان میں نامعلوم سمت سے آ کر گولی لگنے سے 12 سالہ عابدہ دختر عتیق زخمی ہو گئی ،گڈاپ سٹی خلجی گوٹھ میں فائرنگ کے واقعہ میں 17سالہ حشمت اللہ ولد دلاور خان زخمی ہو گیا،پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف ریڈ کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے وہاں سے گذرنے والا راہگیر نوجوان زخمی ہوا، بلدیہ عیدگاہ موڑ کے قریب پراسرار واقعہ میں ڈیڑھ سالہ ثانیہ دختر ادریس زخمی ہوگئی ،پولیس کے مطابق بچی اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ اسے پتھر آ کر لگا جس سے وہ زخمی ہوئی۔